کراچی (جیوڈیسک) بلدیہ ٹاؤن میں دو فیکٹریوں میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں پلاٹ نمبرایف 150 پر قائم فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی گتہ فیکٹری کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کر دی تاہم آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے فائر بریگیڈ کے عملے نے مزید تین فائرٹینڈر اور ایک باؤزر کو موقع پر طلب کر لیا۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے 4 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا تاہم آتشزدگی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا، فائربریگیڈ کے عملے کے مطابق آگ چھالیہ اور کنفکشنری کا سامان بنانے والی فیکٹری میں لگی تھی جس نے گتہ فیکٹری کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔