بالی ووڈ اداکار سنجیو کمار کی آج 74 ویں سالگرہ ہے

Sanjeev Kumar

Sanjeev Kumar

بالی ووڈ (جیوڈیسک) فلم شعلے میں ”ٹھاکر” کا یادگار کردار ادا کرنے والے سنجیو کمار کی آج 74 ویں سالگرہ ہے۔ بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار سنجیو کمار 9 جولائی 1938 کو بھارتی ریاست گجرات میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام ہری بھائی جڑی والا تھا۔ وہ بچپن میں ہی اپنے والدین کے ساتھ ممبئی آن بسے۔ سنجیو کمار نے 1960 میں فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ ان کی پہلی فلم ہم ہندوستانی تھی۔ انہوں نے 1966 میں پہلی مرتبہ دلیپ کمار کے ساتھ فلم سنگھرش میں کام کیا۔

انہیں شہرت 1970 میں ریلیز ہوئی فلم کھلونا سے ملی۔ ان کی مشہور فلموں میں من چلی، آپ کی قسم، آندھی، موسم، نمکین، کوشش، نیا دن نئی رات شامل ہیں۔ سنجیو کمار نہ صرف سنجیدہ بلکہ کامیڈی کرداروں میں بھی کامیاب رہے۔

ان کی کامیڈی فلموں میں سیتا اور گیتا، بیوی او بیوی، پتی پتنی اور وہ، انگور، اور ہیرو قابل ذکر ہیں۔ شعلے میں “ٹھاکر”کے کردار نے انہیں شہرت دوام بخشی۔ سنجیو کمار کو 14 بار فلم فئیر ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا۔ تین مرتبہ انھیں بہترین معاون ادکار اور دو مرتبہ بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔