ممبئی (جیوڈیسک) این جی ٹی بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلموں کوئی مل گیا اور کرش کے بعد ہریتک روشن کی سائنس فکشن سیریز کا تیسرا حصہ کرش تھریریلیز کے لیے تیار ہے جس کا پہلا ڈیجیٹل موشن پوسٹر جاری کردیا گیا۔ فلمساز و ہدایتکار راکیش روشن کی اس فلم میں ہمیشہ کی طرح ان کے صاحبزادے ہریتک روشن بحیثیت روہت مہرا(باپ)اور کرشنا مہرا(بیٹا) مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔
فلم کی کہانی کا تسلسل وہیں سے جوڑا گیا ہے جہاں پر پچھلی فلم کرش ختم ہوئی تھی تاہم اس بار فلم میں ولن کے کرداروں کے لیے وویک او برائے اور کنگنا رناوٹ کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ پریانکا چوپڑا سمیت ریکھا اپنے سابقہ کرداروں میں جلوہ گر ہوں گی۔
فلم کی موسیقی ہرتیک کے چچا راجیش روشن جبکہ بیک گرانڈ میوزک موسیقار جوڑی سلیم سلیمان نے ترتیب دیا ہے۔سائنس فکشن اسٹنٹس اور ایکشن سے بھرپورفلم رواں سال دیوالی کے موقع پر 4 نومبر کو 2D اور3D فارمیٹس میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔