بلوچ محمڈن نے کورنگی بلوچ اور نیشنل فائٹر نے مکران اسپورٹس کو مات دیکر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر لی

Karachi

Karachi

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) شاہ فیصل کالونی فٹ بال اسٹیڈیم پر رحیم محمڈن اور ہزارہ محمڈن کے اشتراک سے منعقدہ آل کراچی شہید ہارون یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ میں دو ٹیموں نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلی پہلے پری کوارٹر فائنل مقابلے میں بلوچ محمڈن ملیر نے نہایت سنسنی خیز مقابلے کے بعد مد مقابل کورنگی بلوچ کوپنالٹی ککس پر 5-4سے شکست دیدی کھیل کے دوران مقابلہ 1-1گول سے برا بر رہا۔

کھیل کے 37ویں منٹ میں بلوچ محمڈن ملیر کے ظفر جبکہ 45ویں منٹ میں کورنگی بلوچ کے ماما حفیظ نے گول اسکور کئے پنالٹی ککس پر بلوچ محمڈن کے احمد لعل، عمران ،یاسر وقار ،شہزاد اور علی نے درست نشانے بازی کی جبکہ کورنگی بلوچ کے یاسر ،ذین ،عبدالجبار اور ماما حفیظ ہی گول اسکور کرنے میں کامیاب ہوسکے۔

ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دوسرے پری کوارٹر فائنل میچ میں نیشنل فائٹر کالاپل نے کانٹے دار مقابلے کے بعد معروف ٹیم مکران اسپورٹس کو پنالٹی ککس پر شکست دیکر کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا دوران کھیل مقابلی 2-2گول سے برا بر رہا نیشنل فائٹر کے شعیب اور طاہر قادری نے جبکہ مکران اسپورٹس کے جلیل اور نوید نے گول اسکور کئے دونوں ٹیموں نے کھیل کے دوران نہایت شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

شائقین فٹ بال سے بھر پور داد وصول کی نیشنل فائٹر کی شاندار کامیابی پر کلب کے روح رواں خالد تنولی اور کوچ فدا حسین ناز نے ٹیم کے ایک ایک کھلاڑی کو مبارکباد پیش کی اور اُمید ظاہر کی ہے کہ آئندہ بھی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا ۔ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ان میچوں میں ریفری کے فرائض عمر بلوچ ،اسد محمود ،فرید خان ،جمیل ناز اور پرویز گل نے جبکہ میچ کمشنرکے فرائض کوچ محمد اقبال اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل نے انجام دیئے۔