لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان اس لیے نہیں بنا تھا کہ کچھ مسلح افراد یہاں اپنی شریعت نافذکریں اور کچھ قانون کے نام پر مساجد پربمباری کریں۔ اپنے حلقے میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مشرف دور میں ڈرون حملے شروع ہوئے جو نوازشریف دور میں رک گئے ہیں،یہ بند بھی ہو جائیں گے۔
طالبان سے مذاکرات کے بعد بلوچ مزاحمت کاروں سے بھی مذاکرات شروع کیے جانے چاہئیں،ان کا کہنا تھا کہ مشرف دور میں فوج کو جتنا بدنام اور متنازع بنایا گیا کسی اور دور میں ایسا نہیں ہوا،وفاقی وزیر نے کہا کہ زرداری طالبان سے مذاکرات کے حامی جبکہ بلاول مخالف ہیں ،سمجھ نہیں آتی ابا کی مانیں یا بیٹے کی۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان جنگ نہیں چاہتے،65 سالوں میں اپنے لوگوں کو تو امن مہیا نہیں کرسکے دوسرے ملکوں میں مداخلت کیوں کریں۔