کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 11 اضلاع میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم آج سے شروع ہوگئی۔ ڈپٹی مینیجر ای پی آئی بلوچستان ڈاکٹر محمد اسحاق پانیزئی کے مطابق تین روزہ مہم کوئٹہ کے علاوہ پشین، قلعہ عبداللہ، ژوب، شیرانی، لورالائِ، قلعہ سیف اللہ، نصیرآباد، جعفر آباد، موسی خیل اور لسبیلہ کی تحصیل حب میں چلائی جارہی ہے۔
مہم کے دوران 13 لاکھ 46 ہزار 600 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر محمد اسحاق پانیزئی کا کہنا تھا کہ مہم کے لئے 3 ہزار 89 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 343 مراکز پر بھی انسداد پولیو کی ویکسین پلائی جائے گی جبکہ 11 اضلاع میں 169 مختلف ٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی پولیو سے بچاو ٔکے قطرے پلانے کا انتظام کیا گیا ہے۔