کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان کے 16 اضلاع میں بجلی کا شدید بحران جاری ہے، ضلع بولان کے علاقے میں تخریب کاری سے متاثرہ ٹاوروں کی مرمت کا کام اب تک مکمل نہیں ہو سکا ہے۔ بلوچستان کے 16 اضلاع میں 8 روز سے بجلی کا بحران برقرار ہے۔ عوام 22 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیلنے پر مجبور ہیں۔کیسکو حکام کے مطابق اس وقت صوبے میں 1500 میگا واٹ سے زائد بجلی کی ضرورت ہے لیکن مین ٹرانسمیشن لائن کی تباہی کے باعث صرف 250 میگاواٹ بجلی مل رہی ہے۔
ٹاوروں کی مرمت کا کام مکمل نہ ہونے کے باعث بلوچستان کے 16 اضلاع کو متبادل ذرائع سے روزانہ صرف دو دو گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے جس سے گھریلو صارفین اور خاص طور پر کاروباری حضرات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ آٹھ روز قبل نامعلوم افراد نے بولان میں مین ٹرانسمیشن لائن کے چار ٹاور دھماکا خیز مواد سے اڑا دیے تھے