کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ سمیت صوبے کے 6اضلاع میں انسداد پولیو کی سہ روزہ خصوصی مہم آج سے شروع ہورہی ہے۔ محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق صوبے کے 6اضلاع کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، پشین، ژوب، شیرانی اور ضلع لسبیلہ کی تحصیل حب میں انسداد پولیو کی سہ روزہ خصوصی مہم کے دوران 8 لاکھ 58 ہزار بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اس مہم کے دوران محکمہ صحت کی 1831 موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر 5 سال سے کم عمر کے بچوں انسداد پولیو کے قطرے پلائیں گی جبکہ 232 فکسڈ پوائنٹ پر بھی انسداد پولیو کے قطرے پلانے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔
بلوچستان میں رواں سال کے دوران پولیو کے 6 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے تین کوئٹہ اور تین قلعہ عبداللہ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ کوئٹہ ، قلعہ عبداللہ اور پشین میں 5 ہزار افراد ایسے ہیں جو اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے مسلسل انکار کرتے رہے ہیں۔