کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان اسمبلی میں الطاف حسین کے خلاف مذمتی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی جب کہ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ الطاف حسین ملک توڑنے کی سازش کررہے ہیں انہیں کراچی لا کر قرار واقعی سزا دی جائے۔
بلوچستان اسمبلی میں ایم کیو ایم کے قائد لطاف حسین کے بیان کے خلاف مذمتی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی، قرارداد 3 صوبائی وزرا اور 2 ارکان اسمبلی نے پیش کی جس میں کہا گیا کہ ایوان ایم کیوایم کے خود ساختہ جلا وطن سربراہ کی پاکستان اور دفاعی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی مذمت کرتا ہے۔
جب کہ انہیں وطن واپس لا کر آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت فوری کارروائی کی جائے۔ قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ 18 کروڑ عوام الطاف حسین کی ان تقاریر پر نفرت کا اظہار کرتی ہے جب کہ ان کی تقریر ملک دشمن قوتوں کو تقویت بخشتی ہے اور ایسا کرنا غداری کے زمرے میں آتا ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہیں اور ملک توڑنے کی سازش کررہے ہیں لہٰذا انہیں کراچی لا کر قرار واقعی سزا دی جائے۔