کوئٹہ(جیوڈیسک) بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، آج صبح آنے والے زلزلے کی شدت 6ریکارڈ کی گئی ایک بار پھر پاک ایران سرحد سے اٹھنے والے زلزلے سے بلوچستان کے کئی اضلاع لرزگئے ، ماشکیل جو گزشتہ روز کے زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، آج بھی وہاں آفٹر شاکس محسوس کیے گئے ، بلوچستان کے دیگر اضلاع دالبندین ، نوشکی اور نوکنڈی تک آفٹرشاکس کے زیر اثر آئے۔
زلزلے کا مرکز پاک ایران سرحدی علاقے میں تھا جس کی شدت 6ریکارڈ کی گئی، گزشتہ روز بھی اسی علاقے کے قریب طاقت ور زلزلہ آیا جس کی شدت 7.8رکارڈ کی گئی ، زلزلے سے زیادہ نقصان بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں ہوا جہاں دو سو مکانات تباہ اور 34 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے،متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
اس زلزلے کا دائرہ بہت وسیع تھا جس سے پاکستان ، بھارت، اور خلیجی ممالک میں بھی زمین لرز اٹھی ، پاکستان کے چاروں صوبوں میں زلزلے سے خوف کی لہر دوڑ گئی اور لوگ دعاوں کا ورد کرتے گھروں سے نکل آئے ،بھارتی دارالحکومت نئی دلی اور ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کی عمارتیں لرز گئیں۔
دبئی میں زلزلے سے متعدد عمارتوں کے ہلنے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا،زلزلے کے مرکز والے علاقے میں کل سے اب تک کئی بار آفٹرشاکس آچکے ہیں تاہم آج صبح ان کی شدت نسبتا زیادہ تھی۔