بلوچستان (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع صحبت پور میں بم ڈسپوزل سکواڈ کا ایک اہلکار بارودی سرنگیں ناکارہ بناتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔
بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکار کی ہلاکت کا واقعہ ضلع صحبت پور میں پٹ فیڈر کے علاقے میں پیش آیا۔
مقامی پولیس کے ایک افسر نے فون پر بتایا کہ اس علاقے میں نامعلوم افراد نے تین بارودی سرنگیں نصب کر رکھی تھیں جن کی نشاندہی ہونے پر ان کو ناکارہ بنانے کے لیے ڈیرہ اللہ یار سے بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ طلب کیا گیا۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ جائے وقوع پر بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کے دوران ان میں سے ایک زوردار دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں ان کو ناکارہ بنانے والا اہلکار پھنل خان موقع پر ہلاک ہو گیا۔
پاکسان کے مقامی نیوز چینلز پر اس واقعے کی جو ویڈیو دکھائی گئی اس میں دھماکے کا منظر بھی ریکارڈ ہوا ہے۔ اس ویڈیو میں یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ بارودی سرنگ کو ناکارہ بناتے وقت اہلکار نے کوئی حفاظتی سوٹ نہیں پہنا ہوا تھا۔
جب اس سلسلے میں کوئٹہ میں پولیس کے سپیشل برانچ کے ایک سینئیر افسر سے پوچھا گیا تو انھوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ جب اہلکار بارودی سرنگ ناکارہ بنا رہا تھا تو اس کے پاس حفاظتی سوٹ نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس حفاظتی سوٹ محدود تعداد میں ہیں اور یہ ان علاقوں میں دیے گئے ہیں جو زیادہ حساس ہیں۔
خیال رہے کہ بلوچستان کے کئی علاقوں میں بارودی سرنگ کے دھماکے اکثر اوقات ہوتے ہیں لیکن ان سرنگوں کو ناکارہ بنانے کے لیے نامناسب آلات اور تربیت پر اکثر سوالات اٹھایے جاتے ہیں۔