کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان کابینہ نے صوبے میں امن و امان کی بہتری کیلئے آل پارٹیز کانفرنس دسمبر میں بلانے کا فیصلہ کرلیا، وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں پارلیمانی لیڈروں پر مشتمل چار رکنی کمیٹی ایجنڈے کو حتمی شکل دے گی۔
وزیراعلی ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کی صدارت میں بلوچستان کابینہ کے اجلاس میں طے کیا گیا کہ وزیر اعلی کی سربراہی میں پارلیمانی لیڈروں پر مشتمل چار رکنی کمیٹی ایجنڈے کو حتمی شکل دے گی۔
اجلاس نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس کے دوران صوبے میں گڈگورننس کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات اٹھاتے ہوئے کابینہ نے صحت، تعلیم، مائننگ، فشریز، لائیواسٹاک اور زراعت کو بہتر بنانے کے لیے ہر محکمے کے وزیر کی سربراہی میں الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دیں۔
کمیٹیوں میں تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان شامل ہونگے، کابینہ کے مطابق گیس وتیل تلاش کرنے والی کمپنیاں بلوچستان میں معدنی ذخائر کی تلاش میں بلوچستان حکومت کو اعتماد میں لیں گی، کابینہ نے تیل و گیس کے بعض معاہدوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا از سر نوجائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا۔