وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سبی میلے میں شرکت

Sibi

Sibi

سبی (محمد طاہر عباس) صوبائی وزیر سماجی بہبود و تمندار سردار سرفراز خان ڈومکی نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہماری دیرینہ خواہش اور دعوت پر سبی کے تاریخی میلے میں شرکت کی انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے کسی بھی وزیر اعلیٰ نے سبی میلے میں شرکت نہیں کی۔

جب کہ اس بار وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے سبی میلے میں شرکت کی جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہماری دعوت پر سبی میلہ میں شرکت کی انہون نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سبی کی عوام کیلئے ترقیاتی کاموں کی مد میں پچاس کروڑ روپے کا جو اعلان سبی میلے کے موقع پر کیا اس کیلئے میں اور میرے حلقہ انتخاب کے عوام ان کے شکر گزار ہیں انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح کرتا چلوں کہ ہمارا عزم ہے کہ حلقے کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ زندگی کی اہم سہولیات ان تک پہنچائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں کوئی رکاوٹ یا کسی قسم کی مداخلت ہم ہرگز برداشت نہین کریں گے کسی اور حلقے کے نمائندے قطعا یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ ہمارے حلقے میں کسی قسم کی مداخلت کریں ہمارا مشن علاقے کی تعمیر و ترقی ہے اور یہ سلسلے کی کڑی ہے انہوں نے کہا کہ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس فنڈ سے جہاں نکاسی آب ، صحت و صفائی اور بندات کے منصوبوں پر عمل کیا جائے گا تو دوسری جانب ہم بلوچ قوم کے تاریخی ورثے چاکر اعظم قلعے کی بحالی کیلئے بھی بھرپور اقدامات کررہے ہیں جس کا مقصد اپنے عظیم قومی ورثے کو محفوظ کرنا بلکہ اپنی ثقافت کو اپنی آئندہ آنے والی نسلوں تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ دنیا کو بھی اپنی ثقافتی ورثے سے آشناء کرانا ہے۔