بلوچستان (اصل میڈیا ڈیسک) بلوچستان میں کورونا کیسز کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے سے صرف 4 نئے مریض سامنے آئے جبکہ کورونا میں مبتلا 20 مریض صحتیاب ہو گئے۔
محکمہ صحت بلوچستان کی جاری رپورٹ کے مطابق بدھ کو صوبے میں 458 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے صرف چار نئے کیسز سامنے آئے اور ان میں سے بھی تین کیسز کوہلو اور ایک کوئٹہ سے سامنے آیا۔
صوبائی حکومت کے مطابق بلوچستان میں کوورنا کے پھیلاؤ کی شرح 0.8 رہی اور صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 840 ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا 20 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد صوبے میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 536 ہو گئی ہے جبکہ صوبے میں فعال کورونا کیسز کی تعداد 108رہ گئی ہے۔
محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق صوبے میں کورونا سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 196 ہے۔