کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس نے تین مریضوں کی جان لے لی جب کہ صوبے میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح کم ہو کر 5.0 فیصد ہو گئی۔
صوبائی محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پیر کو صوبے میں 1372 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے 70 کیسز رپورٹ ہوئے اور کوئٹہ سے سب سے زیادہ 39 مثبت کیسز سامنے آئے، شہر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.09 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح 5.0 فیصد رہی، صوبے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 25218 ہو گئی ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 1057 ہے۔
بلوچستان میں کورونا میں مبتلا تین اور مریض انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 280 ہو گئی۔