اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں جاری بحران حل ہو گیا۔
بلوچستان میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئیں جس سلسلے میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وزیر دفاع پرویز خٹک کوئٹہ پہنچے۔
دونوں رہنماؤں نے صوبے میں وزیراعلیٰ کے انتخاب میں اراکین اسمبلی سے مشاورت کی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے قدوس بزنجو کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جس میں صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جاری بحران حل ہوگیاہے، بی اے پی کے تمام ارکان اکٹھے ہو گئے ہیں اور رنجش دور ہو گئی ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف بلوچستان عوامی پارٹی کی اتحادی رہے گی جب کہ ظہور بلیدی کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ اور پرویز خٹک نے بحران ختم کرانے میں مثبت کردار ادا کیا، وزیر اعلی کیلئے قدوس بزنجو کو اور جان جمالی کو اسپیکر کیلئے نامزد کیا ہے، جلد اسمبلی کا اجلاس بلاکر قائد ایوان اور اسپیکر کا چناؤ کریں گے۔