اسلام آباد (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں آج رات تک شدید بارش، دریاوں، ندی نالوں میں طغیانی اور سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔ کراچی، حیدرآباد اور لاڑکانہ میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ایک بیان میں بلوچستان میں سیلاب سے متعلق پہلے سے جاری ایڈوائزری میں 12 گھنٹے کی توسیع کردی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صبح دس بجے سے رات دس بجے تک بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں۔ اس کے نتیجے میں مقامی دریاوں، نہروں اور برساتی نالوں میں مزید سیلاب آئے گا۔ خاص طور پر سبی، نصیر آباد، قلات اور مکران ڈویڑنوں میں صورت حال زیادہ خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس سے چھتیس گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کی وجہ سے کراچی، حیدرآباد اور لاڑکانہ ڈویڑن کے شہری علاقوں میں سیلابی صورت حال کا امکان مسترد نہیں کیا جاسکتا۔