کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان میں تباہ کن زلزلے کے بعد ایک نیا انسانی بحران جنم لے رہا ہے۔ دشوار گزار راستوں کی وجہ سے دور دراز دیہات تک ابھی کوئی نہیں پہنچ سکا ہے اور لوگ تباہ حال گھروں کے ملبے پر کھلے آسمان تلے پڑے ہیں۔
ضلع آواران ، کیچ اور دیگر علاقوں میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ اس تباہی کی ایک معمولی سی جھلک دل بدی گاوں میں دیکھی جا سکتی ہے جہاں کچی اینٹوں سے بنے تقریبا 300 سو مکانات تھے اور سب کے سب تباہ ہو چکے ہیں۔
متاثرین نے لکڑیوں اور چادروں کی مدد سے عارضی خیمے بنائے ہیں۔ دور دراز دیہات میں مدد کے منتظر لوگ ملبہ کھود کر خوراک تلاش کر رہے ہیں۔ غذا کے ساتھ انہیں دواوں اور دیگر بنیادی اشیا کی شدید قلت کا بھی سامنا ہے۔ خدشہ ہے کہ اگر دور دراز واقع دیہات تک امداد جلد نہ پہنچی تو مزید جانی نقصان ہوسکتا ہے۔