کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان میں تباہ کن زلزلے کے بعد ایک نیا انسانی بحران جنم لے رہا ہے۔ دشوار گذار راستوں کی وجہ سے دور دراز دیہات تک ابھی کوئی نہیں پہنچ سکا ہے اور لوگ تباہ حال گھروں کے ملبے پر کھلے آسمان تلے پڑے ہیں۔
ضلع آواران، کیچ اور دیگر علاقوں میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ اس تباہی کی ایک معمولی سی جھلک دل بدی گاوں میں دیکھی جاسکتی ہے جہاں کچی اینٹوں سے بنے تقریبا تین سو مکانات تھے اور سب کے سب تباہ ہوچکے ہیں۔
متاثرین نے لکڑیوں اور چادروں کی مدد سے عارضی خیمے بنائے ہیں۔ دور دراز دیہات میں مدد کے منتطر لوگ ملبہ کھود کر خوراک تلاش کررہے ہیں۔ غذا کے ساتھ انہیں دواوں اور دیگر بنیادی اشیا کی شدید قلت کا بھی سامنا ہے۔ خدشہ ہے کہ اگر دور دراز واقع دیہات تک امداد جلد نہ پہنچی تو مزید جانی نقصان ہوسکتا ہے۔