کوئٹہ (جیو ڈیسک) بلوچستان میں زلزلے میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 238 ہوگئی ہے، حکومت بلوچستان کے ترجمان جان محمد بلیدی نے بتایا ضلع کیچ میں زلزلے سے مزید 22 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کے بعد ضلع کیچ میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔
زلزلے سے ضلع آواران کا علاقہ ملار سب سے زیادہ متاثر ہوا، زلزلے کے بعد امداد کیلئے تمام صوبوں کا تعاون حاصل ہے۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ضلع آواران میں جاں بحق افراد کی تعداد 208 جبکہ تربت میں زلزلے سے 8 افراد جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ آواران کی تحصیل مشکے میں 55 افراد جاں بحق ہوئے۔ترجمان کے مطابق زلزلے سے بلوچستان کے 7 اضلاع متاثر ہوئے، جن میں تربت، آواران، پنجگور، چاغی، خضدار اور گوادر اور کیچ شامل ہیں۔
ضلع آوران زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور صوبائی حکومت نے ضلع آواران میں ایمر جنسی نافذ کر دی ہے، طبی سہولتوں کی عدم دستیابی سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں کے لیے پاک فوج اور ایف سی کی مدد حاصل کرلی گئی ہے جو علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ضلعی انتظامیہ اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بھی امدادی کاموں میں مصروف ہے۔