بلوچستان: آٹھ مزدوروں کے قتل کیس میں نو گرفتاریاں

Arrests

Arrests

کوئٹہ (جیوڈیسک) سیکورٹی فورسز نے صنعتی علاقے حب کے قریب ساکران میں آٹھ مزدوروں کے اغواء اور ہلاکتوں سے متعلق کیس میں نو مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ان مشتبہ افراد کو ساکران اور ملحقہ علاقوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دوسرے اداروں کے ایک آپریشن کے دوران پکڑا گیا۔

یاد رہے کہ ایک نامعلوم مسلح گروپ نے تقریباً دس دن پہلے ساکران میں ایک پولٹری فارم پر کام کرنے والے 11 مزدوروں کو اغواء کر لیا تھا۔ بعد میں آٹھ مغویوں کی لاشیں ساکران کے قریب ایک پہاڑی علاقے سے برآمد کر لی گئیں۔ لاشوں کے قریب ایک شدید زخمی مغوی بھی ملا۔ مسلح اغواء کاروں نے ضلع لسبیلہ سے تعلق رکھنے والے دو مزدوروں کو رہا کر دیا تھا۔

ہلاک ہونے والے مزدور گزشتہ مہینے شدید سیلاب سے متاثرہ پنجاب کے علاقوں مظفر گڑھ اوررحیم یار خان سے حب آئے تھے۔ لسبیلہ کے ضلعی پولیس افسر بشیر احمد بروہی نے بتایا کہ ان افراد کو سات گھنٹوں تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران حراست میں لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زیر حراست افراد سے تحقیقات جاری ہیں۔