نصیرآباد (جیوڈیسک) جعفرآباد، نصیرآباد سمیت بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقے ایک دفعہ پھر شدید گرمی کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ ایک طرف سیلاب کی تباہ کاریوں کا نشانہ بننے والے ہزاروں افراد کھلے میدانوں میں بے یارو مددگار بیٹھے ہوئے ہیں تو دوسری جانب گرمی کی شدت میں روز بروز اضافہ کے باعث ان کی مشکلات میں بھی بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ، سینٹی گریڈ رہا۔
جبکہ مختلف شاہراوں اور کھلے میدانوں میں پناہ لینے والے ہزاروں سیلاب متاثرین غذائی قلت، صاف پانی کی کمی کا شکار ہیں۔ کئی علاقوں میں اب بھی دو سے 3، فٹ سیلابی پانی موجود ہے۔ شہری علاقوں سے بھاری مشینری کے ذریعے سیلابی پانی نکالنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔