بلوچستان: ہائی وے کی تعمیر کیلئے امریکا 9 کروڑ ڈالر فراہم کریگا

Balochistan

Balochistan

اسلام آباد (جیوڈیسک) امریکا نے پیر کو ہونے والے ایک معاہدے کے تحت قلات۔ کوئٹہ۔ چمن ہائی وے کے لیے نو کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ معاہدے پر وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین شاہد اشرف تراڑ اور پاکستان کے لیے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے دستخط کیے۔

امریکی حکومت پہلے مرحلے میں 6.4 کروڑ ڈالر فراہم کرے گی جبکہ بقیہ 2.6 کروڑ ڈالر منصوبے کے اختتام پر دیے جائیں گے۔اس موقع پر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹ سیکٹرز کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے اور اس حوالے سے بلوچستان ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی کے لیے ہائی ویز کی مرمت کا کام بہت ضروری ہے جبکہ اس ہائی وے کی تعمیر سے افغانستان، ایران اور وسطیٰ ایشیائی ممالک تک رسائی میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر امریکی سفیر نے پاکستانی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے امریکی عزم کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے پاکستان کے دور دراز علاقوں تک رسائی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک امریکا پاکستان میں 900 کلو میٹر روڈز کی تعمیر کرچکا ہے جن میں سے 474 کلو میٹر روڈز فاٹا میں تعمیر کی گئیں۔