کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان کے نئے وزیرِ اعلیٰ کے انتخاب کے لیے تین ارکان نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔ ق لیگ کے عبدالقدوس بزنجو کو مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔
سابق وزیرِ اعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کے استعفیٰ کے بعد بلوچستان اسمبلی میں نئے قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہو گیا۔ بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ (ق) کے عبدالقدوس بزنجو، پشتونخواہ میپ کے عبدالرحیم زیارتوال اور آغا لیاقت نے کاغذات جمع کرائے۔
بلوچستان میں بننے والے اپوزیشن جماعتوں اور ن لیگ کے منحرف ارکان نے سابقہ حکومتی اتحادی پارٹیوں نیشنل پارٹی اور پشتونخواہ سے بھی ملاقاتیں کیں اور نئے بننے والے اتحاد نے متفقہ طور پر عبدالقدوس بزنجو کی حمایت مانگی، تاہم پشتونخواہ اور منحرف لیگی ارکان کے درمیان مذاکرات کامیاب نہ ہو سکے۔ پشتونخواہ میپ کے ارکان کا کہنا تھا کہ وہ قائدِ ایوان کے لیے اپنے امیدوار کو دسبردار نہیں کرینگے۔
بلوچستان میں مسلم لیگ ن پوری کی پوری ق لیگ کی حمایتی ہو گئی۔ ق لیگ کے عبدالقدوس بزنجو کو نواب ثناء اللہ زہری اور سپیکراسمبلی کے سوائے مسلم لیگ ن کے منحرف 19 ارکان کی حمایت حاصل ہو گئی، جس کے ذریعے آج صبح 10 بجے ہونیوالے اسمبلی اجلاس میں اراکین عبدالقدوس بزنجو کو قائدِ ایوان منتخب کرانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔