بلوچستان کے شمالی اضلاع میں شدید برفباری اور بارش کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ بند

Snowfall

Snowfall

کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) بلوچستان کے شمالی اضلاع میں شدید برفباری اور بارش کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ بند ہو گئی۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کوئٹ چمن شاہراہ کے ساتھ ساتھ ژوب شاہراہ بھی کان مہترزئی کے مقام پر بند ہو گئی۔

اس کے علاوہ زیارت، ہرنائی اور مسلم باغ میں برف باری کے باعث مسافر کوچ پھنس جانے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

برف باری کے باعث زیارت میں چھڑی کے مقام پرکوئٹہ سے ملتان جانے والی مسافر کوچ پھنس گئی، جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ،مسافروں نے کوچ کو نکالنے اور مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے قلعہ عبداللہ چمن قلعہ سیف اللہ اور زیارت اضلاع میں جاری برف باری میں متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور برف باری سے بند ہو نے والی شاہراہوں کو جلد از جلد کھولنے کے لئے عملہ اور مشینری دستیاب رکھنے کی ہدایت کر دی۔