کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے کہا ہے کہ بلوچستان کے غریب عوام کو وسائل اور حق حکمرانی دیا جائے۔
مصطفی کمال نے پارٹی کے پانچویں یوم تاسیس پرکوئٹہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بلوچستان کو یہاں پائی جانیوالی محرومیوں کی وجہ سے ٹارگٹ کر رہاہے، حکمرانی کے لئے مراعات یافتہ طبقے سے نہیں صوبے کے عوام سے ڈیل کی جائے، بلوچستان کے غریب عوام کو وسائل اور حق حکمرانی دیا جائے، صوبے میں رہنے والا ہر شخص اسی طرح سے پاکستانی ہے جیسے دیگر علاقوں کے لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری بلوچستان اسمبلی ایک ہی رات میں وفاداری تبدیل کردیتی ہے اور بعد میں ضمیر فروشی کا بوجھ ریاست پر ڈال دیاجاتاہے، ہمیں بھی کراچی میں 35سال تک ریاست کے سامنے کھڑا رکھا گیا، اس میں ہمیں کوئی سکھ نہیں ملا،کوئی ترقی نہیں ہوئی، بلوچستان کے نوجوانوں کیساتھ زیادتی ہوئی ہے مگر اس کیلئے یہ راستہ نہیں جو انہوں نے چنا۔
مصطفی کمال نے کہا کہ بلوچستان میں ہر طرف مایوسی اور محرومیاں ہیں،لوگ بنیادی سہولیات سے محروم اور نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے گھوم رہے ہیں، اٹھارہ لاکھ بچے سکول سے باہر ہیں ، کراچی کے آدھے اسپتال بلوچستان کے لوگوں سے بھرے ہوئے ہیں۔