کوئٹہ (جیوڈیسک) وزیر صحت بلوچستان رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کو پولیو فری صوبہ بنانے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
پولیو ورکرز کو سو فیصد سیکورٹی فراہم کریں گے ، کوئی ورکر سیکورٹی کے بغیر ڈیوٹی پر نہیں جائے گا۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے 7 ہزار 265 لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل کئے جانے کے بعد آرڈرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت مند بلوچستان صوبائی حکومت کا عزم ہے ۔ ایل ایچ ویز تندہی سے اپنے فرائض سر انجام دیں ، حکومت نے عارضی ملازمین کو مستقل کر کے اپنا وعدہ پورا کر دیا ، ایل ایچ ویز کو سیکورٹی سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہیں جدید تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کٹس بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ زچہ وبچہ کی اموات کی شرح میں کمی لائی جاسکے ۔ اس موقع پر انہوں نے ایل ایچ ویز میں مستقلی کے آرڈرز تقیسم کئے۔