بلوچستان کے زلزلہ زدگان کی امداد کے سلسلے میں حکومت پنجاب نے اب تک سات ہزار نو سو اٹھاون فوڈ ہیمپرز، 10 کلو آٹے کے 1800 سو تھیلے فراہم کر دیے

لاہور : بلوچستان کے زلزلہ زدگان کی امداد کے سلسلے میں حکومت پنجاب نے اب تک سات ہزار نو سو اٹھاون فوڈ ہیمپرز، 10 کلو آٹے کے 1800 سو تھیلے، اڑھائی ٹرک لوڈڈ ادویات، 360 کمبل، 5000 مچھر دانیاں اور 10150 ٹینٹ فراہم کر دیے ہیں ۔جبکہ متاثرین کی دیگر ضروریات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پرپنجاب سے اعلیٰ افسران اور اراکین صوبائی اسمبلی پر مشتمل وفد کراچی پہنچ گیا ہے جس میں ممبر بورڈ آف ریونیوشمائل خواجہ، ڈی جی پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کیپٹن آصف اور رکن صوبائی اسمبلی آصف مزاری و دیگر سینئر افسران شامل ہیں ، وفد نے آج بلوچستان کے سرحدی علاقہ حب میں قائم ریلیف سینٹر میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا اور زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے بلوچستان حکومت کی طرف سے مقرر کیے جانے والے چیف کوآرڈینیٹر سیکریٹری ایکسائز قمبر ہشتی سے بھی ملاقات کی۔ وفد نے متاثرین کی جلد از جلد بحالی کو یقین بنانے کے لیے مربوط اور جامع پلان کے سلسلے میں تفصیلی غور و خوض کیا۔ ممبر بورڈ آف ریونیو شمائل خواجہ نے حب سے چیف سیکریٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد سے بھی ٹیلی فون پررابطہ کیا اور زلزلہ زدگان کی فوری بحالی کے لیے امدادی سر گرمیوں کو بہتر انداز میں تیز کرنے کے سلسلے میں مختلف اُمور پر تفصیلی گفتگو کی۔

خواجہ شمائل نے چیف سیکریٹری کویقین دلایا کہ متاثرین کی بحالی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بے چین ہیں اوپنجاب حکومت اور عوام مصیبت کی گھڑی میں بلوچی بھائیوں کی امداد کے سلسلے میں کوئی کسر نہ اُٹھا رکھیں گے۔ انہوںنے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی حالات بہتر ہونے تک بلوچستان کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں ہی قیام کریں گے۔وفد کے مطابق زیادہ سے زیادہ متاثرین کی جلداز جلد بحالی کے لیے امدادی کارروائیوں کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کو روزانہ کی بنیاد پر وزیر اعلیٰ کے نوٹس میں لایا جارہا ہے اور حکومت بلوچستان متاثرین کی جن ضروریات کو پورا کرنے کا حکم دے گی، اُن اشیاء کو بلا تاخیر فراہم کرنے کا بندوبست کردیاگیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ہیلی کاپٹر امدادی سرگرمیوں کے لئے مخصوص کر دیا گیا ہے۔