بلوچستان (جیوڈیسک) میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی، ندی نالے بپھر گئے، نشیبی علاقے ڈوب گئے۔ سبی، ہر نائی اور جھل مگسی میں ہنگامی حالت کا علان کر دیا گیا۔ حب میں دیوار گرنے سے چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ بلوچستان میں تیز بارشوں نے لوگوں کو بے گھر کر دیا۔ سڑکیں، کھیت، بستیاں، سب پانی میں گم ہوگئیں۔ جھل مگسی میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
بارشوں کے بعد دریائے مولہ، دریائے ناڑی اور تلی میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ سانگھان کے قریب ندی بپھر جانے سے سبی اور ہرنائی کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ قلات میں تیرہ گھنٹے مسلسل بارش سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ حب کی جام کالونی میں بارش سے ایک مکان کی دیوار گرنے سے چھ افراد زندگی ہار گئے۔
ڈیرہ مراد جمالی میں بارش کے بعد سڑکیں اور گلیاں ندی نالے بن گئیں۔ متعدد کچے مکانات منہدم ہو گئے جبکہ چار افراد زخمی بھی ہوئے۔ ڈیرہ بگٹی کے برساتی نالوں نے بھی ہرطرف تباہی مچا دی۔ بارشوں کے بعد لورا لائی کا شیر جان نالہ بھی بپھر گیا۔ سیلابی پانی نے ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلوں کو تباہ کر دیا۔