بلوچستان (جیوڈیسک) بلوچستان میں بارش کے ساتھ برف باری کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔ وادی کوئٹہ میں برف باری کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا،زیار ت میں دو انچ برف پڑنے سے ملحقہ علاقوں میں سڑکیں بند ہوگئیں۔
بلوچستان میں آنے والے مغربی ہواؤں نے مستونگ قلات، خضدار، حب، ڈیرہ بگٹی سبی، بولان اور ساحلی شہر اور ماڑہ کو جل تھل کردیا ہے ۔بارش کے ساتھ ساتھ زیارت اور قلات میں برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
قلات کا علاقہ ہربوئی بھی برف باری سے سفید ہوگیا۔ کوئٹہ کے علاقوں بروری اور نواں کلی میں ژالہ باری بھی ہوئی۔
زیارت کے علاقوں ورچوم، کان بنگلہ، کان ڈپو، کواس میں برف باری سے رابطہ سٹرکیں بند ہوگئی ہیں۔
دوسری جانب زیارت میں سوئی گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کوئٹہ کے نواحی علاقوں میں مزید برف باری کا امکان ہے۔