بلوچستان میں بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

Snowfall

Snowfall

پشین (اصل میڈیا ڈیسک) شمال مغربی بلوچستان میں ایک مرتبہ پھر بارش اور برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

وادی زیارت اور کان مہتر زئی میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ضلع زیارت میں تمام اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور رابطہ سڑکیں بحال رکھنے کے لیے مشینری استعمال میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی سی قلعہ سیف اللہ حافظ قاسم کاکڑ کے مطابق پی ڈی ایم اے اور این ایچ اے کی مشینری ہائی وے پر موجود ہے اور عملہ الرٹ ہے۔

پشین، خانوزئی، مسلم باغ اور سرانان میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ چمن اور گردو نواح میں گرد آلود طوفانی ہوائیں چلنے سے بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے آج سے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں بھی برفباری اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے اور ہیوی مشینری بھی متعلقہ علاقوں میں پہنچا دی گئی ہے۔