بلوچستان (جیوڈیسک) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم انتہائی سرد کر دیا ، زیارت میں درجہ حرارت نقطہ انجماد تک جاگرا ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بادل برسے اور تیز ٹھنڈی ہواؤں نے موسم سرد کر دیا۔ زیارت میں درجہ حرارت نقطہ انجماد تک جا پہنچا جس کے باعث پانی جمنا شروع ہو گیا۔ کئی مقامات پر سردی کے باعث پانی کے پائپ بھی پھٹ گئے۔ کوئٹہ میں بھی پارہ چار ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
اور شہر میں سرد ہواؤں کا راج ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ژوب ، کوئٹہ ڈویژن میں چند ایک مقامات پر مزید بارش کا امکان ہے۔ ملکہ کوہسار مری بھی موسلا دھار بارش نے سردی کی آمد کی نوید سنا دی۔
پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بادل برستے رہے۔ سردی بڑھی اور لوگوں نے گرم کپڑے نکال لیے۔ لاہور میں بھی موسم نے انگڑائی لی ، صبح سویرے سے ہی سرد ہوائیں چلنے لگیں اور بونداباندی کے بعد موسم خُنک ہو گیا۔
جنوبی پنجاب میں بھی سردی کی لہر داخل ہو گئی۔ ملتان اور گردونواح میں بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا ، موسم میں خنکی پیدا ہو گئی۔ ڈسکہ ، پنڈی بھٹیاں ، پاکپتن ، ساہیوال سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے موسم سرد ہو گیا ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران خیبر پختونخوا ، اسلام آباد ، لاہور اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔