کراچی (جیوڈیسک) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستا ن میں شہر برباداور قبرستان آباد ہورہے ہیں۔ بلوچستان میں پہلے مسخ شدہ لاشیں ملتی تھیں اب اجتماعی قبریں مل رہی ہیں ، ہم بندوقیں اٹھا کر پہاڑوں کا رخ نہیں کر سکتے بلوچستان کے لیے حکمرانوں کا مائنڈ سیٹ تبدیل نہیں ہوا ہے، بلوچستان کا سیاسی ومعاشی قتل عام بند نہ ہوا تو ہم اسمبلیوں سے استعفے دے دیں گے۔
وہ پیر کو کراچی میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ سردار اختر مینگل کہا کہ اگرہمیں اس ملک کا باشندہ نہیں سمجھا جاتا توکم از کم انسان ہی سمجھ لیا جائے، بلوچستان کے معاملے کو اگر سنجیدہ لیا جاتا تو آج مسائل حل ہو جاتے، انھوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل ہمیں یہ تاثر دیا گیا کہ تبدیلی آئے گی، بلوچستان میں صرف حکومت تبدیل ہوئی ہے حالات تبدیل نہیں ہوئے ہیں، ہم غلط سمجھ بیٹھے تھے کہ جمہوریت آ گئی ہے آج بھی جمہوریت کی ڈوریں کہیں اور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہم نے استعفیٰ دیا تو پھر بلوچستان میں حکومت کہاں نظر آئے گی۔