لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل صہیب الدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے طلبہ کو باقی صوبوں کے برابر تعلیمی سہولیات دی جائیں، بلوچستان کے طلبہ کو حکومت نے حالات اور وقت کے سپرد کرکے آنکھیں بند کرلی ہیں ، انہیں ان بے رحم تھپیڑوں کے حوالے نہیں ہونے دیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں ٹیلنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا
انہوں نے مزید کہا کہ پورے صوبے میں میڈیکل کالجز کی کمی، اعلیٰ تعلیمی اداروں کا فقدان ، گنتی کے سکول بنا کر صوبائی اور وفاقی حکومت چین کی بانسری کی دھن پر مدہوش ہیںتعلیم اور صحت کی سہولیات تو درکنا ر یہاں پینے کے صاف پانی کے لئے بھی خاطر خواہ انتظامات موجود نہیں،نوجوان روزگار کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ عزم عالیشان ، ہمارا پاکستان مہم کی مقبولیت بلوچی طلبہ و طالبات کے محب وطن ہونے کا ثبوت ہے۔ نوجوانوں کو دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے سے روکنے کے لئے انہیں صحت و تعلیم کی سہولیات کے ساتھ ساتھ باعزت روزگار فراہم کرنے کے لئے منصوبہ سازی کی جائے۔ پاکستان سے محبت یہاں کے طلبہ وطالبات کی گھٹی میں شامل ہے اس محبت کونفرت میں بدلنے کی دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کیا جائے اور اسے روکا جائے۔