بلوچستان میں درجہ حرارت گرنے سے جھیلوں میں پانی جم گیا

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا، زیارت میں پانی جم گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں بارش کا امکان ہے۔

سردی نے رنگ جمانا شروع کر دیا، کوئٹہ، زیارت اور قلات سمیت بلوچستان کے کئی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں آ گئے۔ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا۔ زیارت میں نلکوں میں بھی پانی جم گیا، شدید سردی کی حالیہ لہر اگلے چند روزتک برقرار رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی پانچ، قلات میں منفی دو اعشاریہ پانچ، کوئٹہ میں منفی ایک اعشاریہ پانچ اور پنجگور میں پانچ اعشاریہ پانچ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا ۔ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش جبکہ پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔