کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ اور پشین کے مختلف علاقوں میں گولیوں سے چھلنی پانچ لاشیں ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق، پشین کے علاقے رودملا زئی میں لوگوں نے مقامی حکام کو تین لاشیں ملنے کا بتایا۔
پولیس نے گولیوں سے چھلنی لاشیں ضلعی ہسپتال منتقل کرنے کے بعد مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دیا سسٹنٹ کمشنر عبدالسلام نے بتایا کہ مچھی کے پہاڑی علاقے میں پھینکی جانے والی یہ لاشیں ایک دن پرانی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مرنے والوں کی عمریں 28 سے 32 سال کے درمیان ہیں اور انہیں سر اور سینے میں گولیاں ماری گئیں۔ عبدالسلام کے مطابق ابھی تک مرنے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔ دوسری جانب، لیویز حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ مہینے لورالئی سے اغواء ہونے والے عبدالھادی کی لاش پشین کے علاقے منزری سے مل گئی۔
قلعہ عبداللہ کے علاقے مازائی آدھا سے ایک افغان باشندے ملا ہوش کی لاش ملی جسے پولیس کے مطابق سر اور سینے میں گولیاں ماری گئیں۔ ملا ہوش حال ہی میں افغانستان سے قلعہ عبداللہ آئے تھے۔ ملا ہوش کی لاش ان کے ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔