کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان یونیورسٹی کے مالی بحران کے حل کیلئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کشکول خیراتی مہم کا آغاز کردیا۔
خیراتی مہم کے سلسلے میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور دیگر ملازمین ہاتھوں میں کشکول لے کر یونیورسٹی سے پیدل شہر کے مرکز میں ہاکی چوک پہنچے، جہاں انہوں نے عوام سے خیرات اکٹھا کرنا شروع کی۔
اس موقع پر رہنما جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کلیم اللہ بڑیچ کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کو شدید مالی بحران کاسامنا ہے، حکومت کچھ نہیں کر رہی، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشکول مہم یونیورسٹی کے مالی بحران اور ملازمین کو تنخواہوں اور الانسز کی عددم ادائیگی کی وجہ سے شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ملازمین کی ماہ نومبر کی تنخواہوں کے لئے بھی رقم میسر نہیں جبکہ اکتوبر کی نا مکمل تنخواہیں بھی 20 نومبر کے بعد ادا کی گئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیراتی مہم چھ دسمبر تک جاری رہے گی، اگر حکومت نے پھر بھی مسئلہ حل نہیں کیا تو یونیورسٹی ملازمین اجتماعی استعفی پیش کردیں گے۔