بلوچستان (جیوڈیسک) بلوچستان یونیورسٹی کے اساتذہ اور ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور انتظامی بدنظمی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھر نا دیا، بلوچستان یونیورسٹی ایکشن کمیٹی، یونیورسٹی ٹیچرز، آفیسرز اور ایمپلائز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ایڈمن بلاک کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا گیا۔
مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حکام بالا کوکڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ احتجاج کے بغیر کبھی تنخواہ ادا نہیں کی جاتی ہر ماہ ہمیں مجبور کیا جاتا ہے کہ ہم احتجاج کا راستہ اپنائیں۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ افسران اور ملازمین ایک طویل عرصہ سے کنٹریکٹ پر کام کر رہے ہیں انکی مستقلی میں بھی رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں جامعہ کے اساتذہ احتجاج کے دوران بھی باقاعدگی سے کلاسز لے رہے ہیں لیکن حکومتی سطح پر اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کرنا قابل افسوس ہے ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم درس و تدریس کا عمل مکمل طورپر بند کر دیں۔