بلوچستان متاثرین کی بحالی تک امداد کا سلسلہ جاری رہے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے زلزلہ زدگان کی امداد اور بحالی کے لئے پنجاب کے عوام اور مخیر حضرات نے دل کھول کر عطیات دیئے ہیں اور پنجاب حکومت متاثرہ بلوچ بہن بھائیوں کی بحالی تک امداد جاری رکھے گی۔

لاہور میں وزیر اعلی محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے درمیان ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کی امداد و بحالی اور صوبہ پنجاب میں عوام کے لئے شروع کئے جانے والے ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور صوبے میں نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض دینے کے لئے پنجاب روزگار بنک کا منصوبہ بنایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں جنہیں شفاف طریقے سے عوام پر خرچ کر رہے ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کو بائیو گیس کے ٹیوب ویل لگانے کے لئے اربوں روپے کی سبسڈی دیں گے۔