لاہور (جیوڈیسک) سات اعشاریہ آٹھ شدت کے زلزلے نے کراچی اور کوئٹہ سمیت ملک کے کئی شہروں کو ہلا کر رکھ دیا، بلوچستان میں 80 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے، آواران میں چالیس فیصد عمارتیں گر گئیں، ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
منگل سہہ پہر چار بج کر انتیس منٹ پر زمین دہل گئی اور عمارتیں جھولنے لگیں، زلزلے کے شدید جھٹکوں نے شہریوں کو خوفزدہ کر دیا، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے، زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان بلوچستان کے شہر آواران میں ہوا۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق شہر میں لیویز آفس سمیت چالیس فیصد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں، زلزلے کے بعد شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ایف سی کی ریسکیو ٹیمیں اور پاک فوج کے جوان بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔