پابندی کا شکار پاکستانی کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کی اجازت زیر غور

ICC

ICC

دبئی (جیوڈیسک) آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیورچرڈسن کا کہنا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ کی وجہ سے پابندی کا شکار پاکستانی کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے لئے اجازت دینے کی تجویز زیر غور ہے، ورلڈ کپ کے دوران اگر کسی بولر کا ایکشن مشکوک پایا گیا، تو فوراًپابند ی عائد کردی جائے گی۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو نے کہا کہ آئی سی سی اسپاٹ فکسنگ میں پابندی کا شکار پاکستانی کرکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے پر غور کر رہی ہے۔ ڈیو رچرڈسن کا کہنا تھا کہ غیر قانونی ایکشن کا بالر چاہے کسی بھی ملک سے ہو، اس پر پابندی لگائی جائے گی، دوران ورلڈ کپ اگر کسی بولر کا ایکشن غیرقانونی پایا گیا تو فوراً پابندی لگا دی جائے گی، ٹیموں کو اس بالر کے بدلے متبادل کھلاڑی کی اجازت ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی بالنگ ایکشن کی روک تھام کے لئے آئی سی سی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں برسبین کی طرز کی ٹیسٹ لیبارٹری قائم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔