اقوام متحدہ (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ایبولا وائرس سے ہنگامی طور پر نمٹنے کیلئے تشکیل دیئے گئے خصوصی مشن کو وائرس سے متاثرہ علاقوں میں اپنی ٹیمیں بھجوانے کی ہدایت کر دی۔
اقوام متحدہ کی جانب سے ایبولا وائرس کو وبا قرار دینے کے بعد بان کی مون نے ایک خصوصی مشن تشکیل دیا تھا۔ بان کی مون کے ترجمان کے مطابق خصوصی مشن وائرس کے انسداد کے حوالے سے ایک عملی ڈھانچہ فراہم کرے گا تاکہ اس وائرس کے خاتمے کے لئے تیز،جامع اور ضروری اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
عالمی تنظیم ریڈ کراس نے وائرس سے متاثرہ ممالک کے عوام سے اپیل کی ہے کہ ہیلتھ ورکرز کو نشانہ نہ بنایا جائے ۔یہ اپیل افریقی ملک گنی کے جنوب مشرقی حصے میں ایبولا کے خلاف آگہی فراہم کرنے والی ٹیم پر مقامی افراد کے حملے کے بعد کی گئی ہے جس میں ٹیم کے 8 ارکان ہلاک ہو گئے تھے۔