ٹیکساس، امریکہ (جیوڈیسک) امریکی نوجوان نے کیلوں پر دلچسپ اشکال اور سجاوٹ سے ایک سال میں ایک لاکھ ڈالر ( ایک کروڑ روپے) سے زائد کی رقم بنالی اور وہ ایک کیلا 10 ڈالر میں فروخت کرتا ہے۔
ٹیکساس کا رہائشی نوجوان ڈیونٹ ولسن پیشے کے لحاظ سے ای سی جی ٹیکنیشن ہے لیکن اس نے ’ بناناز گون وائلڈ‘ نامی ایک ویب سائٹ بنائی ہے جہاں وہ اپنے ہاتھ سے سجائے اور پینٹ کردہ کیلے فروخت کرتا ہے اور لوگ ان سے کیلوں پر پیغامات بھی لکھواتے ہیں اور وہ ہاتھوں ہاتھ اسے پوسٹ کرتا ہے۔
اپنے اپارٹمنٹ کے چھوٹے سے اسٹوڈیو میں وہ مارکر، گلیٹر، نقلی داڑھیوں ، اسٹیکر اور دوسری اشیا سے کیلوں کو خاص اشکال دیتا ہے۔ اس کے بعد وہ انہیں بناناز گو وائلڈ کی ویب سائٹ پر فروخت کے لیے رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ وہ آرڈر پر سالگرہ اور مبارک باد کے کیلے بھی تیار کرتا ہے جس پر مختلف فونٹس سے کچھ بھی لکھوایا جاسکتا ہے۔
ولسن کے مطابق وہ ہر کیلے کو ایک انوکھی شخصیت دیتا ہے اور یہ اس کے لیے ایک دلچسپ عمل ہے وہ روزانہ 75 کیلے تیار کرتا ہے اس کے بعد وہ اسے پلاسٹک میں بند کرکے پوسٹ آفس سے خریداروں کے پتے پر بھیجتا ہے لیکن یہ کیلے کھانے کی بجائے محض دیکھنے اور سجانے کے لیے ہیں۔