ممبئ (جیوڈیسک) بھارتی بولر ونے کمار آسٹریلوی بیٹسمینوں کے ہاتھوں پٹائی نہیں بھول پائے۔ ان کا کہنا ہے کہ بنگلور میں جو میرا حشر ہوا اس نے کیے کرائے پر پانی پھیر دیا، اب کافی بہتر ہوچکا اور ٹیم میں واپسی کیلیے پرعزم ہوں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا۔ ونے کمار نے بنگلور میں گذشتہ سال نومبر میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے ون ڈے میں 9 اوورز میں 108 رنز کی پٹائی برداشت کی تھی جسے وہ ابھی تک بھول نہیں پائے ہیں، اسی وجہ سے وہ قومی ٹیم سے بھی باہر ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کا حصہ نہ ہونے پر مایوسی ہے میں نے ہمیشہ ہی اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کی مگر بنگلور کے ایک خراب میچ نے سب کیے کرائے پر پانی پھیر دیا مگر اب میں کافی بہتر ہوگیا اور پریشر کو زیادہ اچھے انداز میں جھیل سکتا ہوں، اس ڈومیسٹک سیزن میں میں نے بہت کچھ سیکھا ہے اور یہ بھی جانا ہے کہ مشکل صورتحال سے کیسے باہر آیا جاسکتا ہے، میں اب ایک بار پھر قومی ٹیم میں پرفارم کرنے کے لیے بے چین ہوں، میری اس بار رنجی ٹرافی اور ایرانی ٹورنامنٹ میں کارکردگی کافی بہتر رہی ہے جس کی وجہ سے مجھے امید ہے کہ میں ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ کھیل پاؤں گا میں نے اپنے کیریئر کا واحد پانچ روزہ میچ پرتھ میں کھیلا تھا، اس وقت کے ہمارے بولنگ کوچ ایرک سائمنز نے مجھے کہا تھا کہ میری واحد ذمہ داری ایک اوور میں زیادہ سے زیادہ تین رنز دینا ہے۔