ڈھاکا (جیوڈیسک) آل راؤنڈر شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کو 2 سال تک اپنے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلنی چاہیے تاکہ شائقین کی بے پناہ توقعات کے سبب ٹیم پر پڑنے والے دباؤ میں کمی آ سکے۔
ایک اخبار کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں میزبان سائیڈ کی مایوس کن کارکردگی کا سبب کرکٹ بورڈ، شائقین اور میڈیا کی طرف سے موجود دبائو ہے، اس نے ایسا ماحول بنا دیا جس میں کھلاڑی ٹیم کے بجائے صرف اپنے بارے میں سوچتے ہیں، انھوں نے کہا کہ بہتر یہی ہے کہ ٹیم ملک سے باہر کھیلے، اس صورت میں شائقین کی توقعات میں بھی کمی واقع ہوگی۔
واضح رہے کہ جاری میگا ایونٹ میں بنگلہ دیشی ٹیم کو کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہانگ کانگ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی، رن ریٹ پر اس نے سپر ٹین میں جگہ بنائی لیکن یہاں بھی کارکردگی انتہائی خراب رہی۔
دریں اثنا شکیب الحسن کے تازہ ترین بیان پر بنگلہ دیشی میڈیا نے سخت برہمی ظاہر کی اور کہا ہے کہ اگر وہ بین الاقوامی کرکٹ کی سختی برداشت نہیں کرسکتے تو اسے خیر باد کہہ دینا چاہیے، شکیب اس وقت بنگلہ دیش کے امیر ترین کرکٹر ہیں