بنگلہ دیش ناکام، آسٹریلیا واحد کامیابی سمیٹنے میں کامیاب

Australia

Australia

ڈھاکا (جیوڈیسک) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں میزبان بنگلہ دیش کے لیے فتح کا حصول خواب بن گیا جہاں آسٹریلیا نے گروپ بی کے میچ میں حریف کو سات وکٹ سے شکست دے دی۔بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں غل ثابت ہوا جب 12 رنز پر اس کے دونوں اوپنرز پویلین پہنچ چکے تھے اس موقع پر تجربہ کار شکیب الحسن نے کپتان مشفیق الرحیم کے ساتھ مل کر 112 رنز کی شراکت قائم کی، مشفیق 47 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ بنگلہ دیش نے شکیب کے 66 رنز کی بدولت مقررہ اوورز میں 153 رنز اسکور کیے۔

جواب میں ایونٹ میں مسلسل ناکامیوں سے دوچار رہنے والی آسٹریلین اوپننگ جوڑی نے اس میچ میں بنگلہ دیشی باؤلرز کی خوب خبر لی اور 98 رنز کی ساجھے داری قائم کی۔ وارنر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جو 48 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ فنچ کی 45 گیندوں پر 71 رنز کی جارحانہ اننگ بھی الامین کے ہاتھوں اختتام پذیر ہوئی۔ آسٹریلیا کو تیسرا نقصان گلین میکس ویل کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 147 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

کپتان جارج بیلی نے الامین کو چوکا اور چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو ایونٹ کی واحد فتح سے ہمکنار کرا دیا جبکہ بنگلہ دیش کو تمام میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایرون فنچ کو جارحانہ بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔