بنگلہ دیش : منہدم ہونیوالی آٹھ منزلہ عمارت کے 2 مالکان گرفتار

Bangladesh

Bangladesh

بنگلہ دیش(جیوڈیسک)بنگلہ دیشی پولیس نے ہفتہ کو کہا ہے کہ انہوں نے دارالحکومت کے نواح میں منہدم ہونیوالی آٹھ منزلہ عمارت جس میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر کم ازکم 323 ہو گئی ہے ، گارمنٹس فیکٹریوں کے 2 مالکان کو گرفتار کر لیا ہے ۔ڈھاکہ پولیس کے نائب سربراہ شائمل مکرجی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہم نے درمیانی رات کے بعد نیوویوبٹنز اور نیوویو سٹائل فیکٹریوں کے چیئرمین بزلس صمد اور ان کے پلانٹس میں سے ایک منیجنگ ڈائریکٹر محمود الرحمن تپش کو گرفتار کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایک روز قبل عمارت میں دارڑیں آنے کے بعد مالکان نے ورکرز کو زبردستی کام پر واپس بھیجا جس کے بعد پولیس نے غفلت کے باعث ہلاکتوں کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان کے خلاف کیس فائل کیا ہے۔ بچ جانے والوں نے کہا کہ منگل کی شام اس عمارت میں دراڑیں نظر آ رہی تھیں لیکن فیکٹری کے مالکان نے پولیس کی طرف سے یہاں سے انخلا کے احکامات کے باوجود پیداوار کے لئے عملے کو واپس آنے کا کہا۔

ان پانچ کمپنیوں میں سے ایک نیوویو سٹائلز کمپنی کے ایک منیجر نے کہا کہ مالک نے انجینئر سے مشورہ کیا تھا لیکن اس کے انتباہ کو نظر انداز کر دیا گیا۔ وزیراعظم شیخ حسینہ نے قانون سازوں کو بتایا جو لوگ اس میں ملوث ہیں خصوصا مالک جس نے کارکنوں کو یہاں کام کرنے پر مجبور کیا،اسے سزا دی جائے گی وہ جہاں بھی ہو گا اسے تلاش کریں گے اور انجام تک پہنچائیں گے۔

مکھر جی نے کہا کہ امدادی کارکنوں کی طرف سے مزید لاشیں نکالے جانے کے بعد ہفتے
کی صبح اس سانحہ میں ہلاکتوں کی تعداد 324تک پہنچ گئی ہے۔ یہ لوگ ملبے میں پھنسے ہوئے تھے اور مزید بتایا کہ بعض کارکنوں کو زندہ نکالا گیا ہے اور رات کو بھی امدادی کارکنوں نے کام جاری رکھا۔ انہوں نے کہاچند منٹ پہلے دو افراد کو زندہ نکالا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ان لوگوں کو تقریبا 70 گھنٹے بعد نکالا گیا۔