ڈھاکہ (جیوڈیسک) بنگلہ دیش میں جلاؤ، گھیراؤ، بم دھماکے اور توڑ پھوڑ کے الزام میں بی این پی کے جنرل سیکرٹری اور ڈپٹی اپوزیشن رہنما فخرالاسلام عالمگیر کو گرفتار کر لیا گیا جس پر کارکن سراپا احتجاج ہیں۔
دارالحکومت ڈھاکہ سمیت متعدد علاقوں میں مظاہرے اور ہنگامے جاری رہے۔ مظاہرین نے متعدد گاڑیوں کو نذرآتش کر دیا۔ ڈھاکہ میں ٹرانسپورٹ جزوی بند رہی۔ پولیس سے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے کارکنوں کی جھڑپیں ہوئیں۔
مظاہرین نے بھی پتھراؤ کیا جس کے بعد اہلکاروں نے منتشر کرنے کیلئے آنسوگیس کے شیل پھینکے۔ ڈھاکہ پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر شبلی نعمان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے کہا مظاہرے بھڑکانے کے الزام میں فخرالاسلام عالمگیر کو حراست میں لے لیا ہے۔
ادھر حکومت نے نظربند اپوزیشن رہنما خالدہ ضیاء پر قتل کے الزامات لگانے کی دھمکی دیدی ہے۔ خالدہ ضیا کے بیٹے طارق الرحمن کی تقریر نشر کرنے پر ’’ای ٹی وی‘‘ کی ملک بھر میں نشریات بند کرکے مالک کو گرفتار کر لیا گیا۔