بنگلہ دیش میں عام انتخابات آج ہوں گے، 120 پولنگ اسٹیشنز جلا دیے گئے

 Polling Stations Burn

Polling Stations Burn

ڈھاکہ (جیوڈیسک) بنگلہ دیش میں عام انتخابات کا انعقاد آج ہو گا۔ پولنگ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بجے شروع ہو گی۔ جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں انتخابی دنگل سے پہلے اپوزیشن اور پولیس کے درمیان جھڑپیں اور جلاوٴ گھیراوٴ جاری ہے۔

بنگلہ دیش میں اتوار کو ہونے والے انتخابات سے قبل ڈھاکہ سمیت 20 اضلاع میں 120 پولنگ مراکز اور متعدد گاڑیوں کو جلا دیا گیا ہے جبکہ چند ہفتوں سے جاری فسادات میں 100 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حزبِ مخالف کی بڑی جماعت بنگلہ دیش نیشنل پارٹی سمیت 20 جماعتوں نے ان انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔

ان متنازع انتخابات کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کی عوامی لیگ باآسانی کامیاب ہو جائے گی جبکہ بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کا الزام ہے کہ ان کی رہنما خالدہ ضیا کو ان کے گھر پر نظر بند کیا ہوا ہے۔

جبکہ بنگلہ دیشی حکومت خالدہ ضیا کی نظر بندی سے انکار کرتی ہے۔ حفاطتی انتظامات کے تحت انتخابات سے قبل ہی 50,000 زائد فوجی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ امریکہ، یورپی یونین اور دولتِ مشترکہ نے اپنے مبصرین بھیجنے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد بنگلہ دیشی حزبِ مخالف کا کہنا ہے کہ کسی بھی عالمی طاقت کی تصدیق کے بغیر یہ انتخابات بالکل بھی قابلِ اعتبار نہیں ہوں گے۔