ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلہ دیش میں عمارت میں آتشزدگی کے معاملے پر فیکڑی مالک سمیت تیرہ افراد پر قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
دارالحکومت ڈھاکہ کے مضافات میں واقع اس کارخانے میں 24 نومبر 2012 کو آگ لگنے سے 111 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس سانحے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کے رکن اور پولیس اہلکار محسن الزماں خان نے بتایا ملبوسات فیکٹری کے مالکان دلاور حسین، ان کی اہلیہ اور کمپنی کی چیئرپرسن محمودہ اختر کے علاوہ فیکٹری کے محافظین سمیت گیارہ دوسرے افراد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ کارخانے کے مینیجرز اور محافظین کے خلاف مقدمہ اس لیے درج کیا گیا ہے کیونکہ انھوں نے نچلی منزل پر آگ لگنے کے باوجود کارکنوں کو کام جاری رکھنے پر مجبور کیا۔انھوں نے کہا کہ ممکنہ طور پر بنگلہ دیش میں پہلی بار ایسے کسی واقعے میں کارخانے کے مالکان کے خلاف بھی کارروائی ہوئی ہے۔
انسپکٹر نے بتایا ہے کہ مقدمے میں مالکان اور ملازمین پر لاپرواہی کے نتیجے میں قتل کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اگر ان پر یہ الزامات ثابت ہوئے تو ملزمان کو عمر قید ہو سکتی ہے۔